پاکستان کا جواب: ’افغانستان میں انڈیا کی سرگرمیوں کا بنیادی مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے‘
23
Recent
Politics ??? Neutral
پاکستان کا جواب: ’افغانستان میں انڈیا کی سرگرمیوں کا بنیادی مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے‘
6 days ago

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں افغانستان اور انڈین نمائنوں کے بیانات پر پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مارچ میں کی گئی کارروائیوں سمیت پاکستان کے تمام اقدامات صرف افغانستان سے سرگرم دہشت گردوں اور ان کے معاون ڈھانچے کے خلاف تھے، اور ان کا مقصد افغان عوام کو نشانہ بنانا ہرگز نہیں تھا۔ ان کے مطابق ان کارروائیوں میں ڈرون ذخیرہ گاہوں، تکنیکی معاونت کے مراکز اور اسلحہ گوداموں کو نشانہ بنایا گیا جو پاکستانی شہریوں پر حملوں میں استعمال ہو رہے تھے۔

انھوں نے کہا کہ یہ حملے انتہائی درست، سوچے سمجھے اور پیشہ ورانہ انداز میں کیے گئے اور کسی ہسپتال، منشیات بحالی مرکز یا شہری تنصیب کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کارروائی کے فوراً بعد وزارتِ اطلاعات کی جانب سے حملوں کی ویڈیوز جاری کی گئیں جن سے اہداف کی نوعیت واضح ہوتی ہے، جبکہ ثانوی دھماکوں سے اسلحہ ذخیرہ گاہوں کو نشانہ بنائے جانے کی تصدیق بھی ہوتی ہے۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ بیشتر مقررین نے طالبان حکومت پر زور دیا ہے کہ افغان سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو، تاہم تقریباً تمام شرکا نے ان نکات پر تشویش ظاہر کی، سوائے انڈیا کے۔

پاکستانی نمائندے نے انڈین مندوب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے افغانستان میں ترقیاتی اور انسانی امداد کے منصوبوں کی طویل فہرست پیش کی، لیکن اس کا اصل مقصد پاکستان کو نشانہ بنانا تھا۔

انھوں نے الزام عائد کیا کہ افغانستان میں انڈیا کی سرگرمیوں کا بنیادی مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے، جس کے لیے افغان سرزمین پر سرگرم بعض دہشت گرد گروہوں کو استعمال کیا جاتا ہے۔ انھوں نے خصوصاً تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بی ایل اے انڈیا کی پراکسی تنظیم کے طور پر کام کرتی ہے۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ بی ایل اے کو ’فتنہ الہندوستان‘ بھی کہا جاتا ہے اور یہ تنظیم پاکستان میں دہشت گردی اور عدم استحکام پھیلانے کے لیے انڈیا کی معاونت اور مالی مدد حاصل کرتی ہے۔

Comments (0)

Leave a Comment

No comments yet. Be the first to comment!